لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کو لاہور میں کرانے کے فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے، امیر مقام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو دفتر کھول کر دینے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ پختونوں کوپنجاب میں رہنےکا اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروں کا‘ راناثنااللہ ‘‘
امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے فیصلے کو پوری قوم نے سراہا ہے اس فیصلے کو پاگل پن کہنا درست نہیں، یہ عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے۔
وزیراعظم کے نامزد مشیر امیر مقام نے کہا کہ ہم عمران خان کی طرح طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے ہیں، اگر پی ایس ایل فائنل یہاں نہ ہوتا تو یہ اس کے مترادف ہے کہ ہم ان کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم فائنل یہاں نہ کراتے تو دنیا کو کیا پیغام جاتا کہ ہم پیچھے ہٹ گئے، پوری قوم اور پوری دنیا نے اس فیصلے کی تعریف کی ہے ، لوگوں کا حوصلہ بڑھا ہے کہ ہم مقابلہ کریں۔
یہ پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے پختونوں کے مسائل کو جائز قرار دیا، امیر مقام
دریں اثنا لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پنجاب میں مقیم پختونوں کی ایک ہی جگہ پر رجسٹریشن ہونی چاہیے، سرچ آپریشن پر اعتراض نہیں مگر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونا چاہیے۔