لاہور: پی ٹی آئی کے ایس سی او کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان پر ن لیگی رہنما رانا ثنا کا سخت ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں انتشاری ٹولہ ہے، پاکستان دشمن لوگ ملکی مفاد کے خلاف کمربستہ ہیں، پی ٹی آئی والوں کو ان کی کمیں گاہوں تک محدود کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد شنگھائی تنظیم کانفرنس سبوتاژ کرنا ہے، احتجاج کے اعلان کے بعد یہ پوری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ چند گھنٹوں قبل پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے 23واں سربراہان اجلاس کے دوران اسلام آباد کے ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
شیخ وقاص اکرم نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کرے گی جس کے پیش نظر پنجاب میں احتجاج منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں زیرِ حراست کارکنان، ذمہ داران اور ایم پی ایز کی فوری رہائی اور پنجاب و وفاقی حکومت سے غیر قانونی چھاپوں اور پکڑ دھکڑ بند کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بے زار حکمران ظلم اور سفاکیت ترک کرنے پر آمادہ نہیں، اڈیالہ میں ناحق قید بانی پی ٹی آئی کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرات سے دوچار کرنے کیلیے بنیادی و انسانی حقوق سلب کر لیے گئے، ان کو بنیادی حقوق، وکلا، اہلخانہ اور قائدین تک رسائی نہ دی تو 15 اکتوبر کو پورا پاکستان نکلے گا۔
واضح رہے کہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہان اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں شرکت کیلیے رکن ممالک کے سربراہان اور حکام پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔