بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

زرداری کی کرپشن کےخلاف تقاریر قیامت کی نشانی ہے، رانا ثناءاللہ

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہرغاصب اور آمر کے جانے کے بعد عدالتوں نے اپنے فیصلوں کو غلط قرار دیا، زرداری کی کرپشن کے خلاف تقریریں قیامت کی نشانی ہے، ختم نبوت سے متعلق سازش کے تحت پروپیگنڈا کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ نوازشریف عدلیہ سے محاذ آرائی کررہا ہے تو یہ غلط بات ہے۔

عدالتی فیصلے کے کسی نکتے پراعتراض کرنا محاذآرائی نہیں کہلاتی، نوازشریف نے عدالتی فیصلے کا سن کر وزارت عظمیٰ کا منصب فوری طور پر چھوڑدیا تھا، محاذ آرائی تو تب ہوتی جب نوازشریف کہتے کہ میں فیصلے کو نہیں مانتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لوگ آج ہمیں عدالت سے محاذآرائی کا طعنہ دیتےہیں، پیپلزپارٹی نے تو ذوالفقارعلی بھٹو سے متعلق فیصلے کو عدالتی قتل کہا، بد قسمتی سے ہرغاصب اور آمر کے جانے کے بعد عدالتوں نے اپنے فیصلوں کو غلط قرار دیا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم کسی خوف سے زبان بند کرلیں گے تو یہ اس کی بھول ہے، زرداری صاحب کی کرپشن کےخلاف تقرریں قیامت کی نشانی ہے، اگر انہوں نے کرپشن پرچند تقریریں اورکردیں تو ملک پر عذاب نازل ہوسکتا ہے۔

صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ نوازشریف کو بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا، کہا گیا کہ تنخواہ لے سکتےتھے پرلی نہیں جبکہ عمران خان نے آف شور کمپنی کا بینیفشل اونر ہونا تسلیم کیا۔

ان کے اقرار کے باوجود اسے صادق و امین قرار دیا گیا، کام برابرکرنے کے لیے جہانگیرترین کونااہل کیا گیا، عمران خان وہ واحد شخص ہے جو طلاق کے بعد سابقہ بیوی سے کروڑوں روپے کے تحائف لیتا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں