فیصل آباد : صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاناما کا شکنجہ اب پاجامہ بن رہا ہے جو شیخ رشید اورعمران خان کو جلد پہنا دیا جائے گا، پی ٹی آئی کے چیئرمین پیش گوئیوں پر سال تبدیل کرتے ہوئے گزارا کرتے رہیں گے اورالیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور شیخ رشید کے بہاولپور جلسے سے کئے گئے خطابات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے نوازشریف سے متعلق انتہائی گھٹیا بات کی۔
شیخ رشید کے ڈھیٹ پن اور بے شرمی کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی۔ عمران خان ابھی گزارا کریں 2017 انتخابات کا سال نہیں ہے۔ عمران خان صرف پیش گوئیوں پرگزارا کرتے رہیں گے۔ انتخابات 2018 میں ہوں گے، سڑکوں اور تھرڈ امپائر کی سیاست کرنے والوں کی نفی ہوگی اور نوازشریف 2018 تک ملک کے وزیراعظم رہیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سی پیک کا کریڈٹ کوئی نواز شریف سے نہیں چھین سکتا، 2017 میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے آنے سے پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔