اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹ کے بعد لگتا ہے کہ یہ مشکل ہی کوئی سیدھی بات کریں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کمیٹی کی ملاقات کروائی گئی تو کہتے ہیں ٹھیک سے نہیں ہوئی، دوسری ملاقات بھی ہوجائے گی، یہ لوگ آپس میں لڑنے کے ساتھ ملک کے خلاف بھی سازش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سے متعلق پریشر تو ان کے صرف زبانی کلامی بیانات کا ہی ہے، ہم مذاکرات میں اچھے طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں نیشنل ڈائیلاگ ہوں اس لیے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی بنائی، پہلے دور میں ان سے تحریری مطالبات مانگے گئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کہا ملاقات کرائیں پھر آگے بات بڑھے گی، تین دن پہلے علیمہ خانم نے فرمایا عمران خان نے کہا ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں، ان کے بیان کے بعد کونسے رابطے ہیں جو ان تک پہنچ رہے ہیں۔
رانا ثنا کے مطابق علی امین گنڈاپور کے رابطے دونوں نہیں بلکہ چاروں طرف ہیں، کوئی غلط فہمی پیدا ہوئی ہے تو ہوسکتا ہے علی امین گنڈاپور نے کی ہو، پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات غیر سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شبہ ظاہرکیا جارہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مذاکرات کی وجہ سے رکا ہے، پی ٹی آئی آن ریکارڈ ہے کہ اس کیس میں سزا اور جزا سے مذاکرات نہیں رکیں گے، کیس کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی پی کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب میں بات چیت ہوئی ہے، پی پی رہنماؤں کے کچھ بیانات ہمیں گوارا نہیں گزرتے جو ان کے لیے سیاسی فائدے کے ہیں، ن لیگ حکومت جو بھی فیصلے کرتی ہے پیپلزپارٹی اس میں آن بورڈ ہوتی ہے۔