لاہور : وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کے تین سال ضائع کیے ہیں اور دھرنے کے ذریعے قوم کو یرغمال بنائے رکھا ہے۔
وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے یہ بات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب بابر اعوان، عمران خان کی لیگل ٹیم کے مشیر ہیں اور شیخ رشید جیسے لوگ ان کے حلیف ہیں جس سے ان کی طرزِ سیاست کا خوب اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان نے احتجاج، دھرنوں اور الزام تراشی کی سیاست کر کے قوم کے ڈھائی تین سال ضائع کردیے ہیں جب کہ اپنی طرز سیاست سے پوری قوم کو یرغمال بنایا ہوا تھا اب جب کہ معاملہ عدالت میں ہے تو ثبوت نہیں دے پا رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمرا ن خان کی اصولی سیاست کا اندازہ ان کے اردگرد موجود لوگوں سے کیا جا سکتا ہے ایک طرف جہانگیر ترین اور دوسری طرف علیم خان ہے وہ کیسے کرپشن اور آف شور کمپنیوں کی بات کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کی جانب سے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے سوال پر رانا ثناءا للہ نے جواب دیا کہ حکومتی کارکردگی پر تنقید پیپلزپارٹی کا حق ہے مگر جمہوری اقدار میں رہتے ہوئے مثبت تنقیدکی جائے۔