لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے نوازشریف سے وفاداری کے چکر میں تمام حدیں عبور کردیں حتیٰ کہ وہ شرعی احکامات کو بھی ملحوظ خاطر نہ لائے۔
تفصیلات کے مطابق نیب عدالت سے سزا یافتہ مجرم نوازشریف اور اُن کی چور بیٹی مریم نواز لندن سے پاکستان واپسی کے لیے گزشتہ روز روانہ ہوئے اور اب سے کچھ دیر قبل وہ ابو ظہبی میں قیام کے بعد لاہور روانہ ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی قیادت اور رہنماؤں نے سزایافتہ مجرم کے استقبال کے لیے انتظامات کیے اور تمام کارکنان کو علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے لیے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ کی ہوئی ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے اپنے قائد سےوفاداری نبھانے کے لیے تمام حدیں توڑتے ہوئے کارکنان سے کہا کہ ‘نوازشریف کا استقبال حج سے بڑا کام ہے‘۔
رانا ثنا اللہ کے متنازع بیان پر علماء کرام نے شدید مذمت کی، اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ راناثنااللہ نے اسلام کے بنیادی رکن اور دین کا مذاق اڑایا، انہوں نےجو کہا وہ کسی طور پر بھی قابل معافی نہیں۔
مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ راناثنااللہ نے جو بات کی وہ حرام اورناجائز ہے، حج بیت اللہ کو نوازشریف کےاستقبال سےملانے کی کوئی شرعی گنجائش نہیں، مسلم لیگ کے رہنما نے شرعی اعتبار سے غلط بات کرکے امت کے جذبات کو مجروح کیا۔