لاہور : قومی احتساب بیورو نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ن لیگ کے دو رہنماؤں رانا ثنااللہ اور جاوید لطیف کو طلب کرلیا، دونوں رہنما تفصیلات کی فراہمی میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے لاہور نے دو ن لیگی رہنما راناثنا اللہ اور جاوید لطیف کو طلب کرلیا، رانا ثنااللہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 6مارچ اور ایم این اے جاوید لطیف 13 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کے داماد اور دیگر اہل خانہ کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رانا ثنااللہ کو عدم تعاون اور سوالوں کے نامکمل جوا ب پر پھر طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی آڑ میں تفتیشی ٹیم سے تعاون نہیں کر رہے، رانا ثنااللہ بضد ہیں کہ جائیداد کا تخمینہ خریداری کے وقت ڈی سی ریٹ کے تحت لگایا جائے، ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر نیب ٹیم کو کارروائی آگے بڑھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کو جب بھی طلب کیا گیا وہ مختلف جواز پیش کرکے سوالوں کے جواب نہیں دیتے، اس کے علاوہ ایم این اے جاوید لطیف بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کا سہارا لے کر تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے، جاوید لطیف سےجب بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں،وہ ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔