اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا ، تشدد کی باتیں غلط ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ اربوں روپےکی کرپشن کررہاتھا، توشہ خانہ میں کروڑوں،اربوں کی چوری کررہا تھا۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کیخلاف دونوں کیسزکےعلاوہ اوربھی انکوائریزہیں، انھوں نےبہت ساری جگہوں پرہاتھ مارے ہوئے ہیں اور اس طرح کرپشن کی کہ کوئی حساب نہیں ، امید ہے نیب میرٹ پرتفتیش کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نیب نے عمران خان کو گرفتار کیا ہے، عمران خان دور میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا تھا، القادر ٹرسٹ کیس کے مطابق 50ارب روپے لوٹا گیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کو القادرٹرسٹ کیس میں نوٹسز دیئےگئےتھے لیکن عمران خان نے شامل تفتیش ہونےسے انکار کیا تھا، عمران خان کو گرفتار کیاگیا ہے مگر کوئی مزاحمت نہیں ہوئی۔
راناثنااللہ نے عمران خان پر تشدد کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہزاداکبربھی2ارب روپےلیکربھاگاہے، شہزاداکبرکوبھی واپس لایاجاناچاہئے اور جوجولوگ اس میں شامل ہیں سب کا محاسبہ ہوناچاہئے۔