اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مطیع اللہ جان کے خلاف ایف آئی آر جھوٹی اور جعلی ہے، کوشش کروں گا میرٹ پرفیصلہ ہو اور ان کو انصاف ملے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی، شکر ہے ایف آئی آر کاٹنے والوں نے مطیع اللہ سے فائرنگ کرانے کی مہربانی نہیں کی۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا میرٹ پرفیصلہ ہو اور ان کو انصاف ملے۔
مزید پڑھیں : صحافی مطیع اللہ جان کو تھانہ مارگلہ پولیس نے گرفتار کر لیا
یاد رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم سینئر صحافی کے ٹوئٹر (ایکس) اکائونٹ پر ان کے بیٹے کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’میرے والد کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) سے نا معلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے مطیع اللہ کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ مطیع اللہ جان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ ملازمین کو تیز رفتار گاڑی کے ذریعے جان سےمارنے کی کوشش کی گئی، ملازمین کی جانب سے بیریئر پھینک کرگاڑی کوروکا گیا، ملزم نشے کی حالت میں پایا گیا اور گاڑی کی سیٹ کے نیچے سے آئس برآمدکی گئی۔