لاہور : وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے جو بات کی وہ قوم کے بہترین مفاد میں ہے، نوازشریف کی بات کا بتنگڑ بنایا جارہا ہے، نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے بیان پر کہا کہ میں اورشہبازشریف دونوں نواز شریف کیساتھ ہیں، ہم نے ہزاروں قربانیاں دی ہیں، جو قربانیاں پاکستان نے دیں اس کا اعتراف نہیں کیاجاتا۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے جو بیان دیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی لوگ اس قسم کے بیانات دیتےآئےہیں، ممبئی حملوں کے مقدمے پر ایف آئی اے نے تحقیقات کیں، بیان پر کچھ نادان دوستوں نے میاں صاحب کا ٹرائل شروع کردیا۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کی بات کا بتنگڑ بنایا جارہاہے، بیان پر صرف نوازشریف کی ذات کو ہدف تنقید بنایاجارہاہے، نوازشریف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور ٹارگٹ کرکے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوئی بلکہ پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر جتنی بھی تنقید کی جائے ان کی شہرت بڑھتی ہے، نواز شریف کی ساکھ پر تیسراحملہ کیا گیا ہے، جن پرغداری کے مقدمے ہیں، ان کے تو سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے، ان کے سچ میں ہی قوم کی بقا ہے، جو تماشے 70 سال سے ہوتے آئے ہیں، اب وہ برداشت نہیں کریں گے، نوازشریف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، صرف سچ کہیں گے۔
وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی، شہباز شریف نے کہا نوازشریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سےمتعلق بیان بھی غلط پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اوررحمان ملک بھی ایسے بیانات دیئے تھے، نیب کا اعلامیہ میاں صاحب کی ساکھ کونقصان پہنچانا تھا، سب کو پتہ ہے اجمل قصاب جیسے لوگ نان اسٹیٹ ایکٹر ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ الیکشن قریب ہے اور نوازشریف کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے، الیکشن کے قریب آتے ہی کچھ لوگ پروپیگنڈا کر رہےہیں، انٹرویو نواز شریف یا ن لیگ نے تو نہیں جاری کیا۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب سچ بولیں گے، عوام کو اعتماد میں لیں گے، نوازشریف نے جو بات کی وہ قوم کے بہترین مفاد میں ہے، یہ ساری باتیں رحمان ملک بطوروزیر داخلہ کرچکےہیں۔
انھوں نے کہا کہ میڈیا کوڈائریکشن آرہی ہیں اور آتی رہی ہیں، میڈیا کو بتایا جاتا ہے کس کا بیپر لینا ہے اور کس کا نہیں، کچھ دن پہلے ایک چینل بند ہوا اور دوبارہ کیسے کھلا سب کو پتہ ہے، یہ کوئی بات نہیں جو نواز شریف نے کی، اس مقدمے کا فیصلہ ہوناچاہیے، جو ذمہ دار ہیں سزا ملنی چاہیے۔