اسلام آباد : وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی چڑھائی کرنے کے لیے آنا چاہتی ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ راناثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ادراک کرناچاہیے ورنہ عمران خان کسی حادثے سےدوچاراورنقصان پہنچائےگا، اللہ کی ذات عمران خان کو بےنقاب کررہی ہے۔
راناثنااللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا ، نوجوانوں کوگمراہ کر رہا ہے اب قوم کا فرض ہے اس کی شناخت کرے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ حقیقی آزادی جس کی کوئی وقعت نہیں یہ اس پر حلف لے رہا ہے، آج عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک سے رہی سہی کسر دور ہوگئی ، آج کی آڈیولیک سے قوم کو رہنمائی ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا جھوٹا بیانیہ گڑھنے کیلئے قوم کے ساتھ کس طرح کھیل کھیلا، عمران خان نے پاکستان کی امیج کو نقصان پہنچایا جو کئی دہائیاں برداشت کرنا پڑے گا۔
راناثنااللہ نے کہا کہ جو ان کے ساتھ نہیں ،اسے ضمیرفروشی کہہ کر کہتے تھے لوگ ان کے بچوں سے شادیاں نہیں کریں گے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا تھا میں صاف و شفاف ہوں، یہ اپنے آپ کو بچانے کےلیےخرید و فروخت کرتا رہا ہے اور یہ لانگ مارچ انہی کاموں کےلیے کرنا چاہتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی اس حرکت کے بعد کون سے ملک سے سفیر سائفر بھیجے گا؟ عمران خان نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، لوگوں کو چور ڈاکو کہنے والے کا کردار یہ ہے، شہزاد اکبر نے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔
عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران کا ایجنڈا ہر قیمت اور ہر حربے سے اقتدار کا حصول ہے، لانگ مارچ سےنمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز تیار ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے ایک مؤثر پلان بنایا ہے، آل پارٹیزاجلاس میں بھی ساری چیزیں سامنے رکھی تھیں، کسی قیمت پر اس کے حربے کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائےگا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اس ملک کی خاطر نیک نیتی سے پلاننگ کی ہے ، جتھا کلچر کامیاب ہوا تو روز جتھے آئیں گے ، قوم اور ملک کی خاطر پوری طاقت سے اسے روکیں گے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قانون کےدائرےمیں رہ کر احتجاج دھرنا دینا چاہتی ہے تودے، مختص کردہ جگہوں پر دھرنا،احتجاج کریں ہم سیکیورٹی بھی دیں گے، اگر وہ چڑھائی کرنےکے لیے آنا چاہتے ہیں تو ہر قیمت پرروکیں گے، اس انداز سے روکیں گے ان کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمہارے ارادوں کا پتہ ہے مگر تمہیں یہ معلوم نہیں، دوتجاویز پر غور ہورہا ہے، ان میں سے کسی ایک کی ضرورت ہوئی تو عمل کریں گے۔
آڈیو لیکس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں بریچ آف سیکیورٹی پر تحقیقاتی ٹیم ایک نتیجے پر پہنچی ہے، تحقیقاتی ٹیم بریچ آف سیکیورٹی کے معاملے کو مزید تفصیل سے دیکھے گی تاہم تفتیش پبلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔