جمعہ, مئی 2, 2025
اشتہار

‘پاکستان پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کے لیے تیار ہیں’

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کیلئے تیار ہیں، ہوسکتا ہے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پہلگام واقعے کو اٹھائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتا ہے اور پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کررہا ہے، اس کی روش خطے کو خطرے کی طرف دو چار کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکی غیرجانبدارانہ انکوائری کیلئے تیار ہیں، بھارت مشترکہ انویسٹی گیشن چاہتا ہے تو اس کیلئے بھی تیار ہیں، تھرڈ پارٹی اسپیشل ایکسپرٹ بھی پہلگام واقعے کی انکوائری کریں تو بھی ہم تیار ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پہلگام واقعےکوجس طرح بھارت نے رپورٹ کیا اس میں شکوک وشبہات ہیں، ہوسکتا ہے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پہلگام واقعے کو اٹھائیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پتہ چلنا چاہیے کہ پہلگام واقعے کے گھناؤنے عمل میں کون ملوث ہے، یہ ثابت ہو رہا ہے کہ بھارت نے اس واقعے کو پلاننگ کے تحت کیا ہے اور واقعے سے ایسا لگتا ہے بھارت اپنے ناپاک مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

سیاسی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے واقعےکے بعد سب سے پہلے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، بھارت کی لاکھوں کی تعداد میں تعینات فوج مقبوضہ کشمیرمیں تحریک آزادی کو روک نہیں پارہی۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کو حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں اتنا ظلم چاہتی ہے کہ ان کی آزادی کی تحریک ختم ہو۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر واضح کیا کہ پاکستان کسی صورت پہلے کوئی ایکشن نہیں لےگا ، بھارت کی طرف سے کوئی حرکت ہوئی توضرور جواب دیا جائے گا، جیسا ٹارگٹ بھارت کرے گا ویسا ہی پاکستان ٹارگٹ کرے گا۔

ان کا بتانا تھا کہ بھارتی رہنماؤں کےبیانات ماحول کوگرم رکھنے کیلئے ہیں، مودی حکومت اور ان کی پوری جماعت کی سیاست پاکستان دشمنی پرہے، مودی حکومت پاکستان سے نفرت کی سیاست کرتی ہے۔

اے پی سی بلانے کے حوالے سے سیاسی مشیر نے کہا کہ جس قسم کی صورتحال ہے یہ کسی آل پارٹیز سے کم نہیں ہے، اے پی سی بلانے کی ضرورت پڑی تو ضرور بلائی جائےگی تاہم وزیراعظم شہباز شریف ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں