اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کو ویلکم کردیا اور کہا کہ ہم تو شروع دن سے کہہ رہےہیں اسمبلی میں واپس آئیں سیاستدان بنیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کے اشارے پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں ویلکم کہیں گے۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ آہستہ آہستہ ان کو ہر چیز پر نظرثانی کرنا ہوگی ، یوٹرن خان تو یہ ویسے ہی ہیں، پنجاب میں بھی ان کو کراچی سے بری صورتحال کا سامنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ واپس آنے کیلئے ان کواسمبلی میں دیئےگئے استعفے واپس لینا ہوگا، انھیں اسمبلی میں آکر بیٹھنا پڑے گا اور اپوزیشن لیڈر کی درخواست دینا پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واپس آئے تو اسپیکر استعفے واپس دے سکتے ہیں، ہم تو شروع دن سے کہہ رہےہیں اسمبلی میں واپس آئیں سیاستدان بنیں۔
راناثنااللہ نے مزید کہا کہ یہ ملک کو دیوالیہ کرنےکیلئے مہم جوئی چلارہےہیں، خان صاحب جو اسمبلی توڑ رہےہیں انھی پر الیکشن ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمبلی وقت سے پہلے توڑنے والوں سے پوچھا جائے کہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب میں بھرپور الیکشن لڑیں گے ، پی ٹی آئی کو پنجاب میں کراچی سے بڑا سراپرائز ملے گا۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف نے وعدہ کیا ہے کہ وہ وطن واپس آئیں گے ، نوازشریف کی واپسی سے متعلق ابھی کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا وہ گلے پڑاہواہے تاہم مہنگائی جیسے مسائل ہیں صورتحال عوام کےسامنے رکھیں گے۔