اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔
کھیلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں، نوجوانوں کیلیے متعدد پروگرام جاری ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کیلیے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا، پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت اور شرپسندی کی طرف راغب کیا، نوجوان ملک دشمنی عناصر کی سرگرمیوں سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ممکن ہے بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہو، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلیے کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے منصوبے شروع کیے، حکومت کھیلوں کے فروغ کیلیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں رانا ثنا اللہ نے اشارہ دیا تھا کہ ممکن ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہو۔
انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی ڈائیلاگ ہونے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کے حل کا ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی طریقہ نہیں، پی ٹی آئی کا دوسرا نام عمران خان ہے کیونکہ ان کی اجازت کے بغیر پی ٹی آئی میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا، عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی بنائی اور ساتھ میں ایجنڈا بھی دے دیا، انہوں نے جو کمیٹی بنائی ہے اس کو دو نکات پر گفتگو کا کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کہہ چکے کہ بیٹھیں بات کریں تمام ایشوز پر بات کرتے ہیں، کیا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بات چیت کیلیے حکومت سے رابطہ کیا ہے؟ کوئی بھی ایشوز ہیں تو ہم بات کرنے کو تیار ہیں ایک دو نکات کی بات نہیں، عمران خان کی جانب سے کبھی ہم سے ملتی جلتی بات نہیں کی گئی بلکہ انہوں نے ہر وقت کہا کہ حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنی رہائی کے علاوہ کسی قسم کی گفتگو بڑھانے کے موڈ میں نہیں، انہوں نے عدالتوں کے ذریعے رہا ہونا ہے حکومت رہا نہیں کر سکتی۔
’کسی سیاستدان کا کیس ملٹری کورٹ میں نہیں جانا چاہیے، کوئی ملٹری انسٹالیشن پر حملہ آور ہو تو آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں ملٹری کورٹ سے متعلق بات نہیں ہوئی بلکہ اس میں کہا گیا کہ 9 مئی واقعات میں فیض حمید ملوث پائے گئے، فیض حمید کے دوسرے لوگوں کے ساتھ رابطے تھے تو وہ پی ٹی آئی ہی ہو سکتی ہے، پریس ریلیز میں کہیں نہیں لکھا کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوگا۔‘