بدھ, اپریل 16, 2025
اشتہار

امریکی ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی، رانا ثنا اللہ

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ امریکی ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے لاہور میں جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک بار پھر سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کو تیار تھے، لیکن اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ تاہم وہ سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہوں تو معاملہ حل ہو سکتا ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ امریکی ڈاکٹروں نے عمران خان کی رہائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ وہ شاید صرف حال چال پوچھنے ہی آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو کل پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کرنی چاہیے تھے۔ اگر وہ اپنے صوبے کی نمائندگی نہیں کرتے، تو وہ عہدےسے کوتاہی کر رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر گفت و شنید سے معاملات حل کرنے چاہئیں۔ لیکن سب کو علم ہے کہ کون مل کر بات کرنے کو تیار نہیں۔

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مسئلے پر پی پی پی کے احتجاج پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے نام نہاد قوم پرست جماعتوں نے ایسا ماحول بنا دیا ہے کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا ہے۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ پنجاب سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی چوری نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی ایسا ارادہ ہے۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو یقین دلایا ہے کہ پانی کی تقسیم کا معاملہ افہام وتفہیم کے ساتھ حل ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر کسی کو اپنی بات کہنے کا حق ہے لیکن اس پلیٹ فارم پر پی ٹی آئی کی بریگیڈ سے ہر کسی کو مسئلہ ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کو مزید منظم کرنے کیلیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی صرف پنجاب کی حد تک عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں۔ نواز شریف دوسرے صوبوں کا دورہ کرینگے تو وہاں جلسے کرینگے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں