ممبئی: دو روز قبل کرونا وبا سے متاثر ہونے والے رندھیر کپور کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، رندھیر کپور معروف بالی ووڈ ادکارہ کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چوہتر سالہ بھارتی اداکار رندھیر کپور دو روز قبل کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔اب اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق رندھیر کپور کو انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے ڈاکٹرز نے اداکار کے تمام ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ رندھیر کپور کے دو بھائی کچھ عرصہ قبل ہی دنیا سے رخصت ہوئےتھے، رندھیر کے بھائی رشی کپور کا گزشتہ برس کینسر کی وجہ سے جبکہ راجیو کپور کا رواں سال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہوا تھا۔