کراچی : رینجرز نے قتل کی واردات میں ملوث تین سہولت کاروں سمیت8ملزمان گرفتار کرلیے، ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا، واردات میں استعمال اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے انٹیلی جنس بنیاد پر خیرپور میرس میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث تین سہولت کار سمیت8ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار سہولت کاروں میں بشارت، افراز گل اور غفران شامل ہیں، قتل کے5ملزمان کو ملزم غفران سے تفتیش کے بعد گرفتار کیا گیا۔
دوران تفتیش ملزم غفران نے انکشاف کیا کہ قتل کے ملزمان کار میں گلگت فرار ہوئے ہیں، ملزم کے انکشاف پرٹیکنیکل اور انٹیلی جنس ذرائع سے فوری کارروائی کی گئی۔
رینجرز کے مطابق قتل کے پانچ ملزمان کو فرار ہوتے ہوئے خیرپورمیرس سے گرفتار کیا گیا، مذکورہ ملزمان میں وقاص حسین، ذیشان حیدر، محمد سلیم ،سہیل احمد، شبرحسن شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں پانچوں ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر محمد علی کے قتل کا اعتراف کرلیا، رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے قتل کی واردات میں استعمال اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیاہے۔