کراچی : صدر پارکنگ پلازہ کے قریب دو فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن 10 افراد زیر حراست تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو فوجیوں کی شہادت کے بعد رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔ رات گیے رینجرز کی بھاری نفری نے لائنزایریا کے علاقے جیکب لائن اور دھوبی گھاٹ کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، گرفتار کیے گیے افراد میں ایک سیاسی جماعت کا سابق عہدیدار بھی شامل ہے۔
دوسری جانب بریگیڈ تھانے کی حدود میں لائنزایریا کے علاقے جٹ لائن دھوبی گھاٹ میں رات گئے نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پڑھیں : کراچی: دہشتگردی کے واقعے میں شہید فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا
زخمیوں کی شناخت فیصل اور گووند کے ناموں سے ہوئی اور دونوں کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا گیا ہے جبکہ گلستان جوہر میں فائرنگ سے شہزاد اور میاں آصف نامی شخص زخمی ہوئے۔
قبل ازیں رینجرز نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شاہ فیصل اور برنس روڈ سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے، رینجرز حکام نے مزید کہا ہے کہ زمین میں مودفون اسلحہ شہر میں بد امنی کے لیے چھپایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ
یاد رہے گزشتہ روز صدر میں آرمی ملٹری کی وین کو پارکنگ پلازہ کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو فوجی جوانوں شہید ہوئے تھے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کارروائی کے وقت جائے وقوعہ کے خفیہ کیمرے بند تھے اور حادثے کے مقام سے خول برآمد نہیں ہوسکے، شبہ ہے کہ ملزمان کارروائی کے بعد خول جمع کرکے اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب ہوگیے۔