کراچی: رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے دو کارندوں سمیت15افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزمان پر سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کامیاب کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کے دو کارندوں سمیت 15ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیا د پرفائر بریگیڈ ناظم آباد اور سیکٹرالیون ایف نیو کراچی میں کارروائی میں دو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز محمد خالد عرف مودی اور معراج الدین عرف ماجو گرفتارکیا۔
ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے،ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم خالد سر سید تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عرفان حیدر اور نیو کراچی تھانہ کے سینئر انویسٹی گیشن آفیسرشہباز علی کے قتل میں ملوث ہے،ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، کھالیں چھیننے، زبردستی فطرانہ اکٹھا کرنے، فائر نگ، شٹر ڈان ہڑتالیں کروانے اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہیں۔
ملزم محمد خالد یونٹ نمبر137اے نارتھ کراچی کا ممبر رہا 2012میں سیکٹر ممبر بن گیا،ملزم 2008میں شاہ نواز بھٹو کالونی نارتھ کراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان جھگڑے میں ملوث ہے۔
ملزم معراج 2011 ایم کیو ایم (الطاف) میں شمولیت اختیار کی اور یونٹ نمبر33F ایوب گوٹھ گڈاپ ٹاوٴن کا ممبر رہا،ملزم معراج عبداللہ عرف ڈاکٹر(پی ایم ایل۔ف)اور اختر گبول کے قتل میں ملوث ہے ،ملزم احسن آباد گڈاپ ٹاوٴن میں 30 پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ میں ملوث ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے سہراب گوٹھ، مبینہ ٹاؤن، کھارادر، گارڈن، عید گاہ اور نبی بخش کے علاقے میں کارروائی میں13ملزمان کو گرفتارکیا۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔