کراچی : رینجرز نے شہر میں دہشت گردی کی بڑی واردات ناکام بنا دی، ملیرسٹی کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں رینجرز اہلکاروں کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا، رینجرز حکام کے مطابق مکان کی تلاشی کے دوران وہاں سے بارودی مواد، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق بارودی مواد اور اسلحہ شہر میں دہشت گردی کے مقاصد کیلئے مکان میں چھپایا گیا تھا، کارروائی میں ایک تیار آئی ڈی، دو کلو بارودی مواد، دو دستی بم برآمد کیے گئے ہیں۔
برآمد ہونے والے سامان میں6ڈیٹونیٹر،6میٹر سیفٹی فیوز، نائن ایم ایم،30بور پستول بھی شامل ہیں، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مختلف ہتھیاروں کی گولیاں بھی کارروائی میں برآمد کی گئیں۔
مزید پڑھیں: رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 22 ملزمان گرفتار
اس سے قبل رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 22 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات، چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے گئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائیاں عزیز بھٹی، عزیز آباد، ماڈل کالونی، گلستان جوہر، کورنگی زمان ٹاؤن اور بغدادی کے علاقوں میں کی گئیں۔