منگل, جنوری 21, 2025
اشتہار

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور سٹی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ کھارادر سے لیاری گینگ وار (کمانڈر ایاز زہری گروپ )سے تعلق رکھنے والے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب 2 ملزمان گرفتار کرلئے۔

  ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت امیر حمزہ اور حارث عرف ناک کٹا کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

- Advertisement -

ترجمان نے بتایا کہ ملزم حارث عرف ناک کٹا لیاری گینگ وار عبدالصمد عرف عرفان کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا، ملزم نے اس کے کہنے پر بھتہ وصولی کی، ملزم فائرنگ کرنے والے مختلف ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت کاری میں بھی ملوث رہا ہے۔

 ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے جنوری 2024 کو عبدالصمد عرف فرحان کے کہنے پر کمانڈر ایاز زہری گروپ میں شمولیت اختیار کی، 6 جولائی 2024 کو ملزم امیر حمزہ اپنے دیگر ساتھیوں یوسف عرف موٹا، لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری، ارسلان پٹنی اور عبدالصمد عرف فرحان کے ساتھ ملکر کھارادر پنجاب کلب زیر تعمیر عمارت میں فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک مزدور غلام حیدر نبی زخمی ہوا تھا، ملزم کے ساتھی ایاز زہری نے بلڈر سے 2 کروڑ بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کی تھی۔

ترجمان رینجرز نے کہا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ کھارادر میں ایف آئی آر بھی درج ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

StatCounter - Free Web Tracker and Counter