کراچی: سندھ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا، حراست میں لیے گئے متحدہ لندن کے دو کارکنان سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے میں ملوث ہیں۔
رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کیا۔
رینجرز اعلامیے کے مطابق ملزمان میں سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے 2 اور لیاری گینگ وار کا ایک کارندہ شامل ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت خالد عبدالواحد اور رضوان عرف پپو کے نام سے ہوئی جن کا تعلق متحدہ لندن سے ہے۔
رینجرز کے مطابق ملزم خالد عبدالواحد اور رضوان سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ لیاری گینگ وار کا ملزم ماجد عرف گھارا متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 2 ڈکیت اور تین منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔