کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان میں منصور احمد عرف بلال عرف ابراہیم عرف شیخ بھائی اور فضل غنی عرف شفیق عرف نجیب شامل ہیں۔ ملزمان سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں مطلوب ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ سے ہے، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزم عسکری تربیت یافتہ اورمتعدد بار افغانستان جاتے رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم منصور کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 30 لاکھ انعام رکھا تھا، ملزم منصور چمن بلوچستان اور اسپن بولدک میں روپوش رہا، ملزم جنداللہ گروپ کے کراچی کے امیر ثاقب کا قریبی ساتھی ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزم فضل غنی کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 20 لاکھ انعام رکھا تھا، ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
کراچی میں رینجرز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے ضلع غربی میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کیے تھے۔