کراچی : سندھ رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے.
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کی جانب سے چھاپا مار کارروائیاں سعود آباد، کلاکوٹ، عوامی کالونی،بریگیڈ اور گلبرگ کے علاقے میں کی گئی جس کے نتیجے میں 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا.
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں جن سے اسلحہ، گولیاں، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمد کر کے ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے متعلقہ تھانوں اور اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے.
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی کے علاقے گلبرگ سے ملزم یوسف علی عرف بادی کو حراست میں لیا گیا ہے، گرفتار ملزم کی سیاسی وابستگی ایم کیوایم پاکستان سے ہے جو ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہے.
ترجمان سندھ رینجرز نے مزید کہا کہ سعود آباد، کلاکوٹ اور عوامی کالونی سے 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو منشیات فروشی سمیت سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے.
ترجمان رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ بریگیڈ کے علاقے سے ملزم شاہ رخ کو گرفتار کیا گیا ہے اور حراست میں لیے گئے ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں.