کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے 2 ڈکیتوں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے 70 سے زائد ڈکیتی کی وارداتیں انجام دیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی 70 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار، ملزمان کا نام ابو طالب اور توصیف شاہ ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے 6 مئی کو بنگلہ بازار اورنگی میں ڈکیتی کی تھی، اور گھر کے باہر کھڑے شہری کو بھی اسلحے کے زور پر لوٹا گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان اورنگی، ناظم آباد، سائٹ ایریا اور اطراف میں وارداتیں کرتے تھے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔