کراچی: رینجرز اور پولیس نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 3 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کے دوران 3 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری گروپ سے ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد ارسلان شہزاد عرف کروٹ، فرحان عرف جھاڑی اور عبدالمعیز عرف کٹا شامل ہیں اس دوران ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان بھتہ وصولی کیلئے فائرنگ، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ارسلان شہزاد عرف کروٹ 2020 میں یوسف عرف موٹاکے گروپ میں شامل ہوا، ملزم 2022 تک ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی کی وارداتیں کرتا رہا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ارسلان شہزاد عرف کروٹ 2023 میں ارسلان پٹنی اور ایاز زہری کے بھتہ وصولی گروپ میں شامل ہوا، ملزم لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالصمد عرف فرحان کے کہنے پر گروپ میں شامل ہوا، 2023 میں گینگ نے لیاقت آباد میں کار شو روم سے 50 لاکھ بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی، بھتہ نہ دینے پر ملزمان فائرنگ کیلئے گئے لیکن پولیس کی موجودگی کے باعث نہ کرسکے۔
ملزم فائرنگ کیلئے لیاری گینگ وار کمانڈر کو گینگسٹرز فراہم کرتا تھا، 24 جون کو کھارادر سے ملزم ریحان کو فائرنگ کیلئے بھیجا لیکن پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، ملزم غیرقانونی اسلحے کی خرید و فروخت، موٹر سائیکل چھیننے میں بھی ملوث رہا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم فرحان عرف جھاڑی 2017 سے وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم 2024 میں یوسف عرف موٹاکے کہنے پر بھتہ وصولی گروپ میں شامل ہوا، 4 جولائی کو کھارادر میں زیر تعمیر عمارت پر فائرنگ کیلئے گئے لیکن نہ کرسکے، ملزم یوسف عرف موٹا کی نیو کراچی کے قریب ڈکیتی کی سی سی ٹی وی وائرل ہوئی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم عبد المعیز عرف کٹا سنی تحریک کا سر گرم کارکن ہے، ملزم 2023 میں عبد الصمد عرف فرحان کے کہنے پر بھتہ وصولی گروپ میں شامل ہوا۔