لاہور : وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی، رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس کو معاونت فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کیلئے رینجرز کو اختیارات کی باقاعدہ منظوری مل گئی، فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثارکی زیر صدارت اجلاس میں ہوا ، جس میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصر جنجوعہ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔
رینجرز کو اختیارات کی سفارش ایپکس کمیٹی پنجاب نے کی تھی، اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ساٹھ دن کے لیے دیئے جارہے ہیں، رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کومعاونت فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں : رینجرزکو پنجاب میں 60 دن کے خصوصی اختیارات مل گئے
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے، دہشت گرد اوران کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے اُن کا تعاقب کر کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انھوں نے کہا دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔