کراچی: ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت رینجرز افسران اہم اجلاس ہوا جس میں محرم میں سیکیورٹی، محرم الحرام کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، پولیس نے بھی محرم کی سیکیورٹی کے لیے پلان تشکیل دے دیا ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق محرم الحرام کی آمد سے قبل کراچی اور سندھ میں سیکیورٹی کے معاملات پر ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں محرم میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مربوط لائحہ عمل وضع کیا گیا، محرم میں سیکیورٹی کیلیے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت فوری کارروائی کی جائے گا۔
رینجرز کراچی اور اندرون سندھ جلوسوں کی نگرانی کرے گی، اجلاس میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اینٹی ٹیریرسٹ ایکٹ کے تحت فوری اور سخت کارروائی کا کا فیصلہ کیا گیا ، اس ضمن میں شر انگیز تقاریر کرنے ، مواد چھاپنے یا نشر کرنے پر مکمل پابندی ہوگی، اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسحلے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
محرم کیلئے پولیس نے بھی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، آئی جی سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں سیکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق پولیس کی نفری کے علاوہ اضافی نفری کے طور پر 3400 افسران اور جوان فراہم کیئے جائیں گے، اضافی نفری میں ایس آر پی کے 1800 ,آرآرایف کے 600 ,ایس ایس یو کے 500اورٹریننگ برانچ کے 500 افسران اور جوان شامل ہیں ۔