کراچی : رینجرز نے کراچی کے داخلی وخارجی راستوں پرچیکنگ کا سلسلہ روک دیا، تجاوزات کے خلاف مہم میں سیکورٹی دینے سے بھی معذرت کا اظہار کردیا، چیکنگ کا سلسلہ رینجرز اختیارات ختم ہونے پرروکا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ پھر سے التواء کا شکار ہوگیا۔ سندھ حکومت کی ٹال مٹول پر رینجرز نے سیکیورٹی معاملات سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ روک دی ہے اور شہر کی اہم تنصیبات پر تعینات رینجرز اہلکاروں کو بھی جلد واپس بلالیا جائے گا۔ اب کسی گاڑی کورینجرز اہلکار روک کرچیک نہیں کریں گے۔
دوسری طرف رینجرز نے کراچی میں تجاوزات ہٹانے کےکام میں سیکورٹی فراہم کرنے سے بھی معذرت کا اظہار کردیاہے۔
سندھ کے وزیربلدیات نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ہدایت جاری کی ہے کہ گجر نالے پر صفائی کا کام تیز کیا جائے، ضرورت ہو تو رینجرزاور پولیس سے بھی مدد لیں۔
رینجرزذرائع کے مطابق وزیربلدیات سندھ کے اس حکم کو رینجرز کے دائرہ اختیار سے بالاتر قرار دے دیا گیاہے ۔
رینجرز ذرائع نے کہا ہے کہ یہ کام ہمارے زمرہ اختیار میں نہیں آتے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی اختیارات میں توسیع میں ہر بار ٹال مٹول اور بہانوں کے باعث رینجرز کا یہ ردعمل سامنے آرہا ہے، جس سے شہر میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال ایک بار پھر خدشات کا شکار ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ پیر اور منگل کی درمیانی شب رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہوچکی ہے اور سندھ حکومت نے تا حال رینجرز کے اختیارمیں توسیع کی منظوری نہیں دی ہے۔