ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

رینجرزکے احکامات مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے مترادف ہیں، ایم کیوایم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرزکی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوران احکامات کوایم کیوایم اور مہاجروں کے سیاسی و معاشی قتل کے احکامات قراردیا ہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پہلے علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاترپرمسلسل چھاپے مار کر اور بڑے پیمانے پرکارکنوں کی گرفتاریاں کرکے ایم کیوایم کے علاقائی دفاتربند کرائے گئے اور اب تمام سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں ایم کیوایم اوراس کی حمایت یافتہ ورکرز یونینوں کے دفاتربند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے حکام کوحکم دیا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کوملازمتوں سے برطرف کردیا جائے۔ ساتھ ساتھ جوکارکنان ماورائے عدالت قتل اورگرفتاریوں سے بچنے کیلئے ملازمتوں پر جانے سے قاصرہیں انہیں بھی گھوسٹ ملازم کہہ کرملازمتوں سے نکالاجارہاہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو کچلنے کیلئے اب مہاجروں کے سیاسی اور جسمانی قتل عام کے بعد اب معاشی قتل عام کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قوم کو بتایا گیا تھا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے آپریشن کیاجارہا ہے لیکن رینجرزکے ان تازہ ظالمانہ احکامات نے ایک بارپھر ثابت کردیاہے کہ اس آپریشن کااصل مقصد کراچی میں قیام امن نہیں بلکہ صرف اور صرف ایم کیوایم کو سیاسی طورپرختم کرنا اور مہاجروں کوسیاسی، معاشی اورمعاشرتی طورپرکچلنا ہے ،انہیں ان کے سیاسی، جمہوری ، آئینی قانونی حق سے محروم کرنا اوران کے سیاسی ومعاشی حق پر ڈاکہ ڈالنا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کے یہ اقدامات مہاجروں کا کھلا معاشی قتل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم محمد نواز شریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی سے مطالبہ کیاکہ رینجرز کی جانب سے سرکاری ونیم سرکاری محکموں سے ایم کیوایم اوراس کی حامی یونینوں کے دفاتر ختم کرنے اورایم کیوایم کے کارکنوں کوملازمتوں سے برطرف کرنے کے ظالمانہ احکامات کا فوری نوٹس لیاجائے اور مہاجروں کے معاشی قتل عام کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے۔

رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان غیرقانونی، غیرآئینی اورظالمانہ احکامات کے خلاف آوازبلند کریں۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں