کراچی : سندھ میں رینجرز کے قیام میں توسیع اور خصوصی اختیارات کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر دستخط نہیں کیے اس کے بعد اختیارات 19 جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبہ سندھ میں رینجرزکےخصوصی اختیارات کی مدت رات بارہ بجے ختم ہوگئی، وزیراعلیٰ سندھ کے پاس سمری موجود ہے تاہم انہوں نے اس پر دستخط نہیں کیے ہیں، قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ رینجرزاختیارات کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کی قیادت سے مشاورت کیلئے دبئی روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ رینجرز کو اختیارات میں توسیع کب ملے گی یہ تو وزیر اعلیٰ ہی بتا سکتے ہیں کراچی آپریشن صرف کراچی تک ہی محدود ہے لیکن اب بھی اگر رینجرز 12 بجے کے بعد بھی کوئی کارروائی کرے تو وہ غیر آئینی نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: مقررہ وقت گزرگیا، رینجرزکواختیارات میں توسیع نہ مل سکی
یاد رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے تین جولائی کو رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے اضافے اور رینجرز کے صوبے میں قیام میں ایک سال کے اضافہ کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی۔
مزید پڑھیں : رینجرز اختیارات میں توسیع، چودھری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو خط
اس سے قبل رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 77 روز کا اضافہ کیا گیا تھا اور اس طرح رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات دونوں انیس جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کے بعد روک دیاگیا تھا ، وفاقی حکومت کی مداخلت اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد اختیارات ختم ہونے کے ایک ہفتے کے بعد رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی گئی تھی اور اس کا اطلاق ختم ہونے والی تاریخ سے کیا گیا تھا تاکہ ان اختیارات کو قانونی تحفظ دیا جاسکے۔