کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے رینجرز اختیارات میں 90 دن کی توسیع کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات ختم ہونے میں 2دن باقی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے رینجرز کے خصوصی اختیارات کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوائی گئی تھی ، جس میں رینجرز کو پولیس کے خصوصی اختیارات میں مزید90روز کی توسیع کی سفارش کی گئی۔
سمری میں کہا گیا تھا کہ رینجرز کو دہشتگردی ایکٹ1997 کی شق4کے تحت 15 جولائی سے 12اکتوبر تک خصوصی اختیارات دیئے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز اختیارات میں 90 دن کی توسیع کر دی، وزیراعلیٰ سندھ کے دستخط کے بعد رینجرز کو اختیارات سونپنے سے متعلق ایک خط کے ذریعے وفاق کو آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی گئی تھی، جس کی مدت 14 جولائی کو ختم ہو رہی تھی۔
واضح رہے رینجرز کو تین ماہ کے لیے انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت خصوصی اختیارات دیے جاتے ہیں تا ہم جب سے سندھ حکومت اور ان کے رفقاء کے خلاف کارروائیوں کا آغاز ہوا، تب سے سندھ حکومت رینجرزاختیارات کی معیاد پوری ہونے کے باوجود توسیع میں حجت سے کام لیتی آئی ہے۔