کراچی : رینجرز نے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 10ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان میں ایم کیو ایم لندن کے چار ملزمان بھی شامل ہیں،شیر شاہ سے ڈکیت گروہ بھی پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے کراچی میں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دس ملزمان کو حراست میں لے لیاہے، ملزمان بھتہ خوری، منشیات فروشی، ڈکیتی ودیگر جرائم میں ملوث ہیں۔
رینجرز کے مطابق سائٹ ایریا سے ایم کیو ایم لند ن کے 4 ملزما ن کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان میں راشد، شاہد، گل محمد عرف گلو اور ایازاحمد عرف امتیاز شامل ہیں۔
ترجمان ریننجرز کا کہنا ہے کہ ملز مان اورنگی ٹاؤن میں گٹکا فیکٹری بھی چلاتے تھے، اس کے علاوہ رینجرز نے شیرشاہ کے علاقے سے 5 ملزمان پر مشتمل ٖایک ڈکیت گروہ کو بھی گرفتارکیا ہے، ڈکیت گروہ میں مہتاب، شکیل، عرفان سرفراز اور طاہرخان نامی ملزمان شامل ہیں، مذکورہ ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
دریں اثناء رینجرز نےشیرشاہ سے ایک بھتہ خور کو بھی حراست میں لیا ہے، رینجرز کے مطابق ملزم طاہرعلاقے میں بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم سے منشیات اوراسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔