جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کا اسلحہ برآمد، رینجرز، کوئی عسکری ونگ نہیں، متحدہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اورنگی ٹاؤن میں واقع رحیم شاہ قبرستان میں کھدائی سے دوران اسلحے اور گولیوں کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کا ہے، رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ متحدہ کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر رینجرز نے رحیم شاہ قبرستان میں کھدائی کی جس کے نتیجے میں اسلحے اور گولیوں کا ذخیرہ برآمد ہوا۔

رینجرز کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں ایس ایم جی، رپیٹر، بلٹ پروف جیکٹس کے علاوہ دو ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی ہیں، رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا ہے اور اسے شہر میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔

علاوہ ازیں رینجرز نے مختلف علاقوں بن قاسم، ملیر اور لیاقت آباد میں ٹارگٹیڈ کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ لیاری کے علاقے عیدو لین سے گینگ وار کے 2 کارندوں کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم لندن نے جاری کردہ اعلامیے میں برآمد ہونے والے اسلحے سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ایسے کسی بھی اسلحہ کو ایم کیو ایم سے منسوب کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں، رابطہ کمیٹی نے عسکری ونگ کے الزام کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم کا کوئی عسکری ونگ نہیں اس بارے میں لگائے جانے والے الزامات سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں‘‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں