کراچی : سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی قیادت نے دبئی میں اجلاس طلب کرلیا، لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے رینجرز اختیارات کا مسئلہ آج حل ہو جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں پی پی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ چیف ایگزیکٹو ہیں رینجرز کو قانون کے مطابق بلاسکتے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ حکومت کی ترجیحات میں صرف اپنی جائیداد بڑھاناہے، پنجاب میں رینجرز کا آپریشن کیوں نہیں ہوتا۔
لطیف کھوسہ نے دعوٰی کیا کہ آرمی چیف سے متعلق بینرز چوہدری نثار نے لگوائے، چوہدری نثار نوازشریف کو ہٹاکر خود وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز کے قیام میں توسیع اور خصوصی اختیارات کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر دستخط نہیں کیے اس کے بعد اختیارات 19 جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے تھے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے تین جولائی کو رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے اضافے اور رینجرز کے صوبے میں قیام میں ایک سال کے اضافہ کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وفاق کے پاس سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرنے کا اختیا ر موجود ہے۔