ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپکا پڈوکون کا تعلق صرف شوبز انڈسٹری سے ہی نہیں بلکہ ان کا خاندان کھیلوں کے شعبے سے وابستہ ہے۔
اداکارہ نے نہ صرف شوبز کی دنیا میں کامیابی حاصل کی اس ساتھ ہی وہ بیڈ منٹن کی بہترین کھلاڑی بھی ہیں، وہ اداکاری اور ماڈلنگ کے آغاز سے قبل ملکی سطح پر کامیاب بیڈ منٹن کھلاڑی بھی رہ چکی ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں اداکارہ دپیکا پڈوکون کے شوہر اور اداکار رنویر سنگھ نے اپنے سسرال کو خود کے لیے ایک چیلنج قرار دیا اور سسرال میں گزرے وقت سے متعلق اہم باتیں بیان کیں۔
اداکار رنویر سنگھ نے کہا کہ میری اہلیہ دپیکا پڈوکون ایک بہت اچھی بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں، اور دپیکا کی بہن بھی گالف کھیلتی ہیں جبکہ میرے سُسر بیڈ منٹن کے نامور کھلاڑی رہ چکے ہیں۔
رنویر سنگھ نے انٹرویو میں بتایا کہ 66 کی عمر میں بھی اُن کے سُسر پرکاش پڈوکون بہترین بیڈ منٹن کھیلتے ہیں، وہ اپنے سسر سے تو کیا آج تک دپیکا پڈوکون سے کھیلنے والے سب ہی بیڈ منٹن کے میچز ہارے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ وہ جب اپنے سسرال میں ہوتے ہیں، اس دوران کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی کھیل میں مصروف ہوتا ہے یا کوئی میچ ٹی وی پر دیکھا جارہا ہوتا ہے، وہ سسرال میں جانا اور گھلنا ملنا پسند کرتے ہیں کیوں کہ اُنہیں بھی کھیلوں میں کافی دلچسپی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے وہ اپنی اہلیہ دپیکا پڈوکون سے صفر سے ہار جایا کرتے تھے مگر اب 15 یا 16 پوائنٹس تک پہنچ جاتے ہیں مگر پھر بھی ہار جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھارتی مشہور بیڈ منٹن پلیئر پرکاش پڈوکون کی بیٹی ہیں جبکہ دپیکا پڈوکون کی بہن انیشا پڈوکون گالف کی کھلاڑی ہیں۔