معروف بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کی شادی اداکارہ دپیکا پڈوکون سے نہیں ہوئی تھی تب لوگ انہیں کہتے تھے کہ دپیکا تمہاری اوقات سے باہر ہے۔
رنویر سنگھ نے حال ہی میں فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کی جبکہ ایوارڈز تقریب میں رنویر سنگھ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی ملا۔
تقریب کی میزبانی کے دوران رنویر سنگھ نے خود کو اور وکی کوشل کو خوش قسمت ترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں شہزادوں کی زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اور وکی خوبصورت اور دراز قد کے نوجوان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم انڈسٹری میں 12 سال تک محنت کر کے مشکل سے اپنی کمائی سے حال ہی میں کروڑوں روپے کی مالیت کا عالیشان گھر خریدا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ جب ان کی اور دپیکا پڈوکون کی شادی نہیں ہوئی تھی اور جب وکی کوشل اور کترینہ کیف بھی میاں بیوی نہیں بنے تھے تب لوگ انہیں اور وکی کوشل کو طعنے دیا کرتے تھے کہ دپیکا اور کترینہ ان کی اوقات سے باہر ہیں۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے نومبر 2018 میں شادی کی تھی جبکہ وکی کوشل اور اداکارہ کترینہ کیف نے دسمبر 2021 میں شادی کی تھی۔