ممبئی: کیمپگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سونا اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کنڑ فلم انڈسٹری کی اداکارہ رانیا راؤ نے اعتراف جرم کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رانیا راؤ نے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کو دیے گئے انے ابتدائی بیان میں جرم کا اعتراف کیا۔
رانیا راؤ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے نہ صرف دبئی بلکہ یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ کا بھی سفر کیا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا اور حکام سے کہا کہ وہ اسے آرام کرنے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: رانیا راؤ نے پولیس کو کیا بتایا؟
اداکارہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (کرناٹک اسٹیٹ پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن) رام چندر راؤ کی سوتیلی بیٹی ہیں جو دبئی کے متعدد بار سفر کی وجہ سے ڈی آر آئی کے ریڈار پر آئیں۔
انہوں نے مبینہ طور پر پچھلے ایک سال میں 30 بار دبئی کا سفر کیا جبکہ صرف 15 دنوں کے دوران چار بار بیرون ملک گئیں اور سونا واپس لائیں۔
عدالت نے رانیا راؤ کو 14 دن کیلیے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اداکارہ اکثر اپنے شوہر جتن ہکیری کے ساتھ دبئی جایا کرتی تھیں جس کا مقصد سونا اسمگل کرنا تھا۔
جتن ہکیری نے تقریباً چار ماہ قبل رانیا راؤ سے شادی کی جس کے بعد وہ بنگلورو میں ایک عالی شان اپارٹمنٹ میں رہنے لگے۔