لاہور: برطانیہ پلٹ لڑکی سے زیادتی کیس میں اہم موڑ آیا ہے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے سائنسی بنیادوں پر کیس کو حل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جینڈر سیل اقبال ٹاؤن ڈویژن میں دائر برطانیہ پلٹ لڑکی سے زیادتی کیس کا معمہ حل ہوگیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان کے مطابق ولیحہ عرفات نے ملزم فیضان تقویم کیخلاف ریپ کا مقدمہ تھانہ وحدت کالونی میں درج کروایا تھا۔
جس پر جینڈر سیل اقبال ٹاؤن کی تفتیشی ٹیم نے پولیس ٹیم کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ملزم فیضان کو گرفتار کیا، دوران تفتیش مدعیہ مقدمہ نے روبرو عدالت میڈیکل کروانے سے انکار کیا۔
مدعیہ مقدمہ کا پولیس ریکارڈ چیک کروانے پر ولیحہ پیشہ ور مقدمہ باز نکلی، ولیحہ عرفات نے اس مقدمے میں بھی اپنا نام امان لکھوا کر پولیس کو گمراہ کیا، ولیحہ عرفات درجن سے زائد مقدمات میں مدعیہ، ملزمہ اور متاثرہ نکلی، ولیحہ عرفات شہریوں کو مقدمات میں پھنسا کر پیسے بٹورتی تھی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق ولیحہ عرفات ہر مقدمے میں نام تبدیل کرتی اور جعلی شناختی کارڈ استعمال کرتی تھی، مدعیہ مقدمہ نے روبرو عدالت مقدمہ خارج کرنے کا بیان ریکار ڈ کروایا، حقائق کی روشنی میں شہری فیضان تقویم کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔