پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں 7 سالہ معصول بچی سے زیادتی کا واقعہ سامنے آیا، متاثرہ بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق معصول کلی کو مسلح نوجوان نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، بچی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
قبل ازیں لاہور کے علاقے بادامی باغ میں گذشتہ ہفتے آٹھ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں متاثرہ بچی کے والدین نے چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کی تھی۔
لاہور: بادامی باغ میں بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
خیال رہے کہ اعظم نامی ملزم نے بچی کو چاکلیٹ دلانے کے بہانے زیادتی کی کوشش کی لیکن اس کی چیخ و پکار پر بھاگ کھڑا ہوا، متاثرہ بچی کے عزیز کا کہنا تھا کہ ملزم عادی مجرم ہے، گھر والے ہمیشہ پیسے دے کر معاملہ دبا دیتے ہیں۔
علاوہ ازیں گذشتہ ماہ زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی سات سالہ معصوم بچی فضا کا قاتل عبدالرزاق لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سمن آباد کے علاقہ مطفر کالونی میں دو موٹر سائیکل سواروں نے سات سالہ بچی کو دکان جاتے ہوئے اغوا کیا تھا، گھر والوں کے تلاش کرنے پر رات گئے فضا کی لاش رضا آباد کے علاقے سے ملی تھی۔