پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر اور معروف سرجن پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ متقی نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر شدت اختیار کر چکی ہے۔
پیما ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے جو ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ان کے لیبارٹری تجزیہ میں قریباً سو فیصد ڈیلٹا ویرینٹ سامنے آرہا ہے جو کہ بہت تیزی سے اور کم وقت میں پھیلنے والا ہے اور پورے پورے گھرانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اسپتالوں میں کورونا یونٹس اپنی استعداد قریباً پوری کر چکے ہیں اوراسپتالوں میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے جان بچانے والے آپریشنز کے سوا باقی تمام روز مرہ کے آپریشنز بھی روک دیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر عبد اللہ متقی نے کہا کہ کورونا وائرس کہ چوتھی لہر کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ڈاکٹرز اور ان کی فیملیز بھی اس سے متاثر ہو رہی ہیں، اس تشویشناک صورتحال میں کورونا کی ویکسین ایک واحد امید کی کرن ہے، اس کے ساتھ ساتھ ماسک کا استعمال کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتا ہے، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بار بار ہاتھ دھوئیں ، سماجی فاصلہ اختیار کریں ، بلا ضرورت گھر سے نکلنے اور اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔