کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سینئررہنماء رشید گوڈیل کا کہنا ہے کہ میں نہ پارٹی چھوڑرہا ہوں اور نہ پارٹی چھوڑنے کا سوچ سکتا ہوں، میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئررہنما رشید گوڈیل نے ان کی ایم کیو ایم چھوڑنے سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔
رشید گوڈیل نے صحت یاب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے، حملے کے بعد مجھ سے منسوب کرکے افواہیں اڑائی گئیں، کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں، تاہم ایسا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ سے متعلق کسی بھی قسم کی خبر کی پہلے مجھ سے تصدیق کی جانی چاہئیے اور یہ بھی دیکھنا چاہیئے کہ اگر کوئی شخص مجھ سے متعلق کوئی بات کہہ رہا ہے تو اس کا مقصد کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مکمل صحت یابی کے لئے مجھے علاج کے لئے ڈاکٹروں نے بیرونِ ملک جانے کا مشورہ دیا ہے، علاج کے لئے باہرجارہاہوں میرا جینا مرنا ایم کیو ایم کے ساتھ ہے اسی جماعت نے مجھ سے غریب شخص کو کہ جس کے پاس علاج کے لئے بھی پیسے نہ ہوں پارلیمنٹ میں پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر اٹھارہ اگست کو دن دیہاڑے اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ بہادر آباد میں واقع شاپنگ اسٹور سے خریدار کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔