کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کپتانی کے لیے بابر اعظم اور اظہر علی کا متبادل نام بتا دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی کو سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد محمد حفیظ کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنانا چاہیے تھا۔
سابق کپتان کی جانب سے یہ بیان قومی کرکٹ ٹیم کی دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست کے بعد سامنے آیا۔
راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز کے بعد محمد حفیظ کو کپتان مقرر کرنا چاہیے تھا،مختلف فارمیٹس کے لیے دو کپتان آئے، اگرچہ اظہر علی اور بابر اعظم با صلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن انہوں نے اب تک خود کو بطور کپتان ثابت نہیں کیا، یہ بابر اور یہاں تک اظہر کے لیے بھی مشکل ہے۔
محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں
اس سے قبل گزشتہ ہفتے 30 اگست کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، رضوان میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی قیادت کی ہے، اگر ٹیم مینجمنٹ اسے ہر فارمیٹ میں کھلا رہی ہے تو شاید وہ انہیں مستقبل میں ضرورت پڑنے پر قیادت سونپنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔