کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ کوچ غیرملکی نہیں ہونا چاہئے جبکہ سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے اور سرفراز کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کردیا۔
راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنانا جلد بازی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں راشد لطیف نے کہا کہ جب تک سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا میرے سلیکٹر بننے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
امام الحق کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کو احتیاط کرنی چاہئے، امام الحق کا ذاتی مسئلہ ہے لہٰذا اس پر کوئی بات نہیں کرسکتا ہوں۔
راشد لطیف کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا سسٹم ٹھیک ہونا چاہئے، ملک میں کلب کرکٹ ختم ہوچکی ہے، کلب کرکٹ ہوگی تو ہی اچھے کرکٹرز سامنے آسکیں گے۔
مزید پڑھیں: سرفراز کو ہٹا کر کپتانی حارث سہیل کو دی جائے، شعیب اختر کی تجویز
سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کے علاوہ ابھی کوئی کپتان دکھائی نہیں دیتا ہے اور تینوں فارمیٹ کا کپتان بھی ایک ہی ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ٹیسٹ، ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے کی کپتانی سرفراز سے واپس لینے کی تجویز دی تھی اور حارث سہیل کو کپتان بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے برعکس سابق لیگ اسپنر عبدالقادرنے پی سی بی سے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا مطٓالبہ کیا ہے۔