سابق قومی کپتان راشد لطیف آل راؤنڈر شاداب خان کی حمایت میں بول پڑے اور کہا ہے کہ پی سی بی سچ بولنے کی پاداش میں شاداب خان کو نفسیاتی مریض بنا رہا ہے۔
قومی اسٹار آل راؤنڈر شاداب خان کو افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی تاہم سیریز میں شکست کے بعد وہ تنقید کی زد میں ہیں اور یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں انہیں ڈراپ کیا جا رہا ہے۔
موجودہ صورتحال میں قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف جو اس سے قبل بھی پی سی بی پر تنقید کرتے رہے ہیں وہ اسٹار آل راؤنڈر کی حمایت میں میدان میں آگئے ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
راشد لطیف نے کہا ہے کہ ایک شخص سچ بول رہا ہے مگر پی سی بی کی نئی رجیم اسے سزا دے کر اس کا منہ بند کروانا چاہتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سچ بولنے پر شاداب کو اس لیے تنگ کیا جارہا ہے کہ وہ کرکٹ چھوڑ کر نفسیاتی مریض بن جائے کیونکہ پاکستان کے 90 فیصد کھلاڑی کرکٹ بورڈ کے رویے کی وجہ سے نفسیاتی ہوکر کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں۔
راشد لطیف کا خیال ہے کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں شکست اور شاداب خان کی بے باک انداز میں پریس کانفرنس کے بعد کرکٹ بورڈ انہیں وائس کپتان سے ہٹا دے گا۔