تازہ ترین

راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتش زدگی کا مقدمہ درج، کے الیکٹرک و دیگر ادارے نامزد

کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتش زدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں کے الیکٹرک سمیت دیگر ادارے نامزد کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آگ لگنے کا مقدمہ تھانہ شارع فیصل میں سب انسپکٹر صدر الدین کی مدعیت میں درج ہو گیا، ایف آئی آر میں مجرمانہ غفلت، قتل بالسبب، نقصان رسائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق صبح 5 بجے آر جے شاپنگ مال میں آگ بھڑکی ہوئی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 6 منزلہ عمارت کو اپنی لیپٹ میں لے لیا، عمارت میں موجود لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے سیڑھیوں اور برقی لفٹ کا سہارا لیا، آگ کی تپش کی وجہ سے شاپنگ مال میں موجود لوگ جھلس گئے، زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جب کہ شدید زخمی افراد میں سے کئی دوران علاج دم توڑ گئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمارت میں آگ بجھانے کے حفاظتی آلات موجود نہیں تھے، ہنگامی اخراج کا راستہ بھی نہیں تھا، قوی شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، تاہم تحقیقات کے نتیجے میں آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین ہوگا۔

کراچی:شاپنگ مال میں آتش زدگی سے 11 اموات، چیف فائر افسر کا اہم انکشاف

پولیس حکام نے سوال اٹھائے ہیں کہ عمارت کا نقشہ کس نے پاس کیا؟ فائر فائٹنگ کی کلیئرنس کس طرح دی گئی؟ ایف آئی آر میں شاپنگ سینٹر کا نقشہ پاس کرنے والے، ناقص مٹیریل کے باوجود این او سی ایشو کرنے والے ادارے اور کے الیکٹرک کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آتش زدگی سے متاثرہ شاپنگ مال کو سیل کر دیا گیا ہے، آج تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان 6 منزلہ عمارت کا معائنہ کریں گے، گزشتہ روز پولیس کے کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کیے تھے، جب کہ فائر بریگیڈ حکام نے مال میں سیفٹی انتظامات کو ناقص قرار دیا تھا۔

Comments

- Advertisement -