کراچی : رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد186ہوگئی، موذی مرض کے شکار افراد میں58فیصد مرد اور42فیصد خواتین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں ایڈز کے سلسلے میں12دن میں4656 سے زائد افراد کی اسکریننگ کی گئی،3.9 فیصد افراد میں ایچ آئی وی وائرس نکل آیا جس کے بعد رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد186تک جا پہنچی۔
اس حوالے سے ڈی جی ہیلتھ سروسز نے رپورٹ سندھ حکومت کو بھجوادی ہے، اے آر وائی نیوز نے ڈی جی ہیلتھ سروسز کی رپورٹ حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق بارہ روز میں4656افراد کے ایچ آئی وی ایڈز ٹیسٹ کئے گئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکریننگ کیمپ میں آئے3.9فیصد افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے۔
رتو ڈیرو میں108مرد،78خواتین میں ایڈزکی تصدیق ہوئی، ایڈز کا شکار افراد میں58فیصد مرد، 42فیصدخواتین شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق ایڈزکاشکار54.8فیصدمریضوں کی عمریں2تا5سال ہے، ایک سال سے کم عمر13بچوں میں ایڈز کی تصدیق ہوئی۔
اس کے علاوہ دو تا5سال کے102بچوں میں،6تا15سال کے39بچوں میں جبکہ15تا45سال کے31افرادمیں ایڈزکی تصدیق ہوئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ46سال کےایک فرد میں ایڈز کی تصدیق ہو چکی ہے، ایڈز کا شکار افراد کے عزیز و اقارب کی اسکریننگ جاری ہے۔