سابق بھارتی کرکٹر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھنے لائق ہوگی۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے کہا کہ نائب کپتان سلمان آغا اور مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آغا سلمان کا پہلے ذکر کیا جانا چاہیے وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو دباؤ میں حالات کو سنبھال سکتے ہیں اور کریز پر ان کی موجودگی ہے جو میں نے طویل عرصے سے کسی پاکستانی کھلاڑی میں نہیں دیکھی۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ وہ دیگر کھلاڑیوں کے راستے پر نہیں چلیں گے اگر وہ اسی طرح کھیلتے رہے تو وہ پاکستان کرکٹ کے لیے پوسٹر بوائے بن سکتے ہیں، میرا یقین ہے کہ آغا سلمان میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو بھی پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت ہے۔
روی چندرن ایشون نے کہا کہ آغا سلمان گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس کھیل سکتے ہیں اور ان کے پاس بڑی مہارت ہے، محمد رضوان ایک اہم کھلاڑی ہوں گے لیکن میری رائے میں آغا سلمان کی بیٹنگ ہی دیکھنے لائق ہوگی۔
انہوں نے نوجوان بیٹر طیب طاہر کو غیرمعمولی مڈل آرڈر کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو طویل عرصے کے بعد ایک کھلاڑی ملا ہے۔
واضح رہے کہ آغا سلمان نے 33 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں 45.75 کی شاندار اوسط سے 915 رنز بنائے ہیں جس میں پانچ نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پاکستان نے آغا سلمان اور کپتان محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت 49 اوورز میں 352 رنز کا مشکل ہدف حاصل کیا تھا۔