راجکوٹ: بھارتی آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کی خاتون پولیس اہلکار سے تلخ کلامی، غیر مہذب رویے اور دباؤ پر اہلکار کی طبیعت خراب ہوگئی اور اسے اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آل راؤنڈر اس وقت اپنے منفی رویے کے باعث خبروں کی زینت بن گئے جب فیس ماسک نہ پہننے پر لیڈی کانسٹیبل نے انہیں روک دیا۔
راجکوٹ کے علاقے کسن پارا چوک پر رات 9 بجے کے قریب کار میں اہلیہ کے ساتھ سوار جڈیجا کو سونال گوسائی نامی لیڈی کانسٹیبل نے روکا اور احتیاطی تدابیر کے تحت فیس ماسک نہ پہننے پر استفسار کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس دوارن دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور دونوں نے ایک دوسرے پر غیر مہذب رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا۔
بعدازاں لیڈی اہلکار نے پرائیویٹ اسپتال میں چیک اپ کروایا اور ذہنی دباؤ کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ باضابطہ طور پر دونوں نے کوئی شکایت درج نہیں کروائی، اس لیے کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔